سوال: عورتوں کی نماز پڑ ھنے کا مکمل طریقہ بتا ئیے۔
جواب: عورتوں کی نماز پڑھنے کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ:با وضو قبلہ رو ،دونوں پاؤں کے پنجوں میں چار انگل کا فاصلہ کر کے کھڑی ہو جائیں
اور دونوں ہاتھ کندھے تک اس طرح لے جائیں کہ ہتھیلیاں قبلہ رُخ ہوں
پھر نیت کر کے "اللہ اکبر"کہتے ہوئے دونوں ہاتھ سینے پر اس طرح باندھیں کہ بایاں ہاتھ نیچے اور داہنا ہاتھ اوپر ہو۔
پھر ثنا پڑ ھیں سُبْحَانَکَ اللّٰهُمَّ وَبِحَمْدِکَ، وَتَبَارَکَ اسْمُکَ وَتَعَالٰی جَدُّکَ، وَلَا اِلٰهَ غَيْرُکَ
پھر تعوذاور تسمیہ یعنی أَعُوْذُ بِاﷲِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ " اور " بِسْمِ اﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ"
پڑ ھ کر "سورہ فاتحہ" پڑ ھیں اورآخر میں "آمین "آہستہ کہیں ۔اس کے بعد کوئی سورت یا تین آیتیں پڑ ھیں یا ایک آیت جو کہ چھوٹی تین آیتوں کے برابر ہو۔پھر "اللہ اکبر"کہتے ہوئےرکوع کے لئےصرف اتنا جھک جائیں کہ ہاتھ گھٹنے تک پہونچ جائیں مردوں کی طرح پیٹھ بالکل سیدھی نہ کریں اور نہ ہی زور سے گھٹنے پکڑیں بلکہ صرف اس پر ہاتھ رکھ دیں
اور کم سے کم تین بار سُبْحَانَ رَبِّیَ الْعَظِيْمِ پڑ ھیں۔
پھر "سَمِعَ اﷲُ لِمَنْ حَمِدَهُ ،رَبَّنَا لَکَ الْحَمْدُ " کہتے ہوئے بالکل سیدھی کھڑی ہو جائیں پھر"اللہ اکبر" کہتے ہوئے سجدے میں چلی جائیں۔اور لگاتار دو سجدے کریں ۔سجدہ کر نے کا طریقہ یہ ہے کہ دونوں پیر کو داہنی جانب نکال کر پیٹ کو ران سے چپکا دیں اور دونوں ہاتھ کو کہنیوں سمیت زمین پر بچھا دیں اس طر ح سے کہ پیشانی اور ناک کا نرم حصہ زمین سے لگ جائے ۔
اوردونوں سجدوں میں کم سے کم تین بار "سُبْحَانَ رَبِّیَ الْأَعْلَی" پڑ ھیں۔دونوں سجدوں سے فار غ ہو نے کے بعد کھڑی ہو جائیں اور پھر بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑ ھ کے "الحمد"اور کوئی سورت پڑ ھیں پھر پہلی رکعت کی طرح رکوع وسجدہ کریں اس کے بعد تشہد یعنی"التحیات" پڑ ھنے کے لئے دونوں پاؤں کو داہنی طرف نکال کر بائیں سرین زمین پر رکھ کر بیٹھ جائیں
اور التحیات پڑ ھیں۔
"التَّحِيَّاتُ لِلّٰہِ وَالصَّلَوٰتُ وَالطَّيِّبَاتُ، اَلسَّلَامُ عَلَيْکَ أَيُّهَا النَّبِیُّ وَرَحْمَةُ اﷲِ وَبَرَکَاتُهُ، اَلسَّلَامُ عَلَيْنَا وَعَلَی عِبَادِ اﷲِ الصّٰلِحِيْنَ. أَشْهَدُ أَنْ لَّا اِلٰهَ إِلَّا اللّٰہُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُوْلُهُ"
تحیات پڑ ھتے وقت جب " أَنْ لَّا اِلٰهَ " پر پہونچے تو داہنے ہاتھ کے انگوٹھے اور بیچ کی انگلی کا حلقہ بنا کر کلمہ والی انگلی سے اشارہ کریں یعنی سید ھا کھڑا کردیں اور " إِلَّا اللّٰہُ " کہتے وقت گِرا لیں اور پھر ہتھیلی ران پر پہلے کی طرح بچھا دیں۔ اب اگر دو سے زیادہ رکعتیں پڑ ھنی ہے تو تحیات کے بعد فورا ََکھڑ ی ہو جائیں اور اسی طرح سے پڑ ھیں مگر فر ضوں کی اُن رکعتوں میں "الحمد" کے بعد سورت ملانا ضروری نہیں ۔اور چار رکعت والی نماز میں تیسری رکعت کے سجدے کے بعد فوراََ کھڑا ہونا ہے۔سب سے آخری قعدہ جس کے بعد نماز ختم کرنی ہو اس میں التحیات پڑ ھنے کے بعد درود ابراہیمی پڑ ھیں۔
" اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی آلِ مُحَمَّدٍ، کَمَا صَلَّيْتَ عَلَی إِبْرَاهِيْمَ وَعَلَی آلِ إِبْرَاهِيْمَ، إِنَّکَ حَمِيْدٌ مَّجِيْدٌ ۔ اَللّٰهُمَّ بَارِکْ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی آلِ مُحَمَّدٍ، کَمَا بَارَکْتَ عَلَی إِبْرَاهِيْمَ وَعَلَی آلِ إِبْرَاهِيْمَ، إِنَّکَ حَمِيْدٌ مَّجِيْدٌ "
پھر کوئی بھی دعائے ماثورہ پڑ ھیں۔کچھ دعائیں یہ ہیں۔
اللَّهمَّ إِنِّي ظَلَمْتُ نَفْسِي ظُلْمًا كثِيرًا، وَلا يَغْفِر الذُّنوبَ إِلاَّ أَنْتَ، فَاغْفِر لي مغْفِرَةً مِن عِنْدِكَ، وَارحَمْني، إِنَّكَ أَنْتَ الْغَفور الرَّحِيم۔
[اَللّٰھُمَّ ] رَبَّنَا اٰتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَةً وَّ فِی الْاٰخِرَةِ حَسَنَةً وَّ قِنَا عَذَابَ النَّارِ۔
اللَّهمَّ اغْفِر لِي وَ لِوَالِدَیَّ وَ لِمَنْ تَوَالَدَ وَ لِجَمِیْعِ الْمُؤ مِنِیْنَ وَالْمُؤمِنَاتِ وَالْمُسْلِمِیْنَ وَالْمُسْلِمَاتِ الْاَ حْیَآءِ مِنْھُمْ وَالْاَمْوَاتِ، اِنَّکَ مُجِیْبُ الدَّعْوَاتِ بِرَحْمَتِکَ یَآ اَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ۔
رَبِّ اجْعَلْنِیْ مُقِيْمَ الصَّلٰوةِ وَمِنْ ذُرِّيَّتِیْ رَبَّنَا وَتَقَبَّلْ دُعَآءِ ، رَبَّنَا اغْفِرْ لِیْ وَلِوَالِدَیَّ وَلِلْمُؤْمِنِيْنَ يَوْمَ يَقُوْمُ الْحِسَابُ۔
اس کے بعد داہنے مونڈھے کی طرف منہ کر کے "السلام علیکم ور حمۃ اللہ"کہیں پھر بائیں مونڈھے کی طرف ۔
اب نماز پوری ہوگئی۔
اس کے بعد بارگاہ الٰہی میں جس طر ح سے بھی دعا کرسکتی ہوں گریہ وزاری کے ساتھ دعا کر لیں کیونکہ فر ض نمازوں کے بعد مانگی گئی دعائیں اللہ تعالی کی بارگاہ میں جلد قبول ہوتی ہیں۔
وضو اور غسل کے مسائل نماز کے مسائل حیض اور نفاس کے مسائل استحاضہ کے مسائل زیب وزینت کے مسائل لباس کے احکام ومسائل متفرق مسائل عدت کے مسائل حج وعمرہ کے مسائل زیورات کی زکوٰۃ کے مسائل پردہ کے مسائل